جیف بیزوس اور لورین سانچز کی وینس میں شاہانہ شادی، معروف عالمی شخصیات کی بھرپور شرکت

وینس :ایمازون کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے جیف بیزوس نے معروف امریکی ٹی وی پریزینٹر لورین سانچز سے اٹلی کے شہر وینس میں دھوم دھام سے شادی کر لی۔ تین روزہ تقریبات میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا انعقاد وینس کے خوبصورت اور تاریخی جزیرے “سان جورجیو” پر کیا گیا، جہاں معروف اطالوی گلوکار انڈریا بوچیلی کے صاحبزادے میٹیو بوچیلی نے خصوصی پرفارمنس دی۔ شادی میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کو واٹر ٹیکسیوں کے ذریعے جزیرے تک لایا گیا، جن میں ہالی وڈ اسٹارز، ٹی وی سلیبریٹیز، کاروباری شخصیات اور شاہی خاندان کے افراد شامل تھے۔ ان میں اوپرا ونفرے، اورلینڈو بلوم، کائلی جینر اور ایوانکا ٹرمپ نمایاں تھے۔

دلہن لورین سانچز نے ڈولچے اینڈ گبانا Dolce & Gabbanaکا خصوصی تیار کردہ ہاؤت کوتورhaute couture gown لباس زیب تن کیا، جسے بنانے میں 900 گھنٹے لگے۔ سانچز نے تقریب کے بعد کہا کہ وہ “خود کو شہزادی جیسا محسوس کر رہی ہیں”۔ تقریب کے بعد دونوں کی خوشگوار تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں، جنہیں خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

شادی کی تقریبات ہفتے کے روز ایک تاریخی بحری بندرگاہ (medieval shipyard) میں اختتام پذیر ہوئیں، جہاں مشہور گلوکار لیڈی گاگا اور ایلٹن جان نے خصوصی پرفارمنس دی۔ اس موقع پر شہر وینس میں مختلف گروپس کی جانب سے احتجاج بھی دیکھنے میں آیا۔ مقامی شہریوں نے اوور ٹورازم پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ ماحولیاتی کارکنوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق بیزوس کی کمپنیوں کی پالیسیوں پر تنقید کی۔

یہ شادی دونوں کی دوسری شادی ہے۔ بیزوس اور سانچز کے سابقہ رشتوں سے مجموعی طور پر سات بچے ہیں۔ دونوں کی منگنی مئی 2023 میں بیزوس کی 417 فٹ لمبی پرتعیش کشتی ‘Koru’ پر ہوئی تھی، جو ایک ماوری علامت ہے اور “نئی زندگی” کے معنی رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وبائی امراض سے بچاؤ کی نئی حکمتِ عملی: پاکستان میں ‘ون ہیلتھ’ منصوبہ فعال

شادی پر اٹھنے والے اخراجات کے حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی، تاہم اندازہ ہے کہ اس شاہانہ تقریب پر 20 ملین سے 50 ملین ڈالر تک کی لاگت آئی۔

Scroll to Top