بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے، موسیٰ خیل میں مکانات منہدم، 3 افراد زخمی

کوئٹہ :بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا، ضلع موسیٰ خیل میں مکانات منہدم ہونے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 28 کلومیٹر تھی، جبکہ مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔ زلزلے کے جھٹکے موسیٰ خیل اور گردونواح میں شدت سے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں موسیٰ خیل میں دو مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے، جبکہ تین دیگر کو جزوی نقصان پہنچا۔ مکانات منہدم ہونے سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری، ہنگامی الرٹ جاری

حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ممکنہ آفٹر شاکس سے متعلق شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Scroll to Top