امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برہم ہوتےہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو بچایا، لیکن اس کے باوجود ان کی جانب سے شکریہ تک ادا نہیں کیا گیا۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ میں اپنی فتح کا دعویٰ انتہائی بے وقوفی سے کیا۔ ٹرمپ نے سوال اٹھایا کہ ایرانی سپریم لیڈر ایسا جھوٹ کیوں بولیں گے کہ انہوں نے اسرائیل سے جنگ جیت لی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ خامنہ ای اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ سچ نہیں اور ایک ایماندار شخص کے لیے جھوٹ بولنا درست نہیں۔
صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ وہ جانتے تھے کہ آیت اللہ خامنہ ای کہاں پناہ لیے ہوئے تھے لیکن انہوں نے اسرائیل یا امریکی فوج کو انہیں ہدف بنانے کی اجازت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایرانی سپریم لیڈر کو بچایا اور انہوں نے میرا شکریہ تک ادا نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پیوٹن نے روس امریکا تعلقات میں بہتری کا سہرا ٹرمپ کے سر باندھ دیا
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو عالمی نظام میں واپس آنا ہوگاورنہ ان کے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے اور دیگر مثبت اقدامات پر کام کر رہے تھے تاکہ ایران کو مستحکم بحالی کا موقع دیا جا سکے، مگر آیت اللہ خامنہ ای کے غصے، نفرت اور بیزاری بھرے بیان نے ان تمام کوششوں کو روک دیا۔