باغ ( کشمیر ڈیجیٹل ) آزاد حکومت کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء القمر نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں ذات سے بالاتر ہو کر قربانی اور مقصدیت کا درس دیتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سردار ضیاء القمر نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی کو تاریخ انسانی میں اہم مقام حاصل ہے حضرت امام حسینؓ نے حق کی سربلندی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر کہ انسانیت کو ظلم سے بغاوت اور سمجھوتا نا کرنے کا درس دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہےکہ محبت انسانیت دوستی اور مذہبی رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:شبیر شاہ ہمارا قیمتی اثاثہ،زندگی بچانے کیلئے ہر فورم پر آوازاٹھائیں گے ،شاہ غلام قادر
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر آئے روز ہونے والی تبدیلیوں کے باعث عالمی امن کو خطرات درپیش ہیں دنیا میں مظلوموں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے عالمی اداروں کے قوانین اور احکامات کو روند کر مظلوم عوام کو ظلم کی چکی میں پسا جا رہا ہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ اسرائیل کی ننگی جارحیت نے نہ صرف غزہ میں معصوموں کا خون کیا بلکہ مشرق وسطی میں ہر انتشار کی جڑ بنا ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہندو انتہا پسند ایجنڈے پر گامزن مودی حکومت نے کشمیر میں لوگوں سے مذہبی آزادی کا حق چھین رکھا ہے لوگوں کے اجتماعات پر کڑی پابندیاں عائد کی جاتی ہیں حریت پسند رہنما یٰسین ملک آذادی کی مانگ کے جرم میں جھوٹے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں کشمیری رہنما یٰسین ملک کی بگڑتی صحت پر کشمیری عوام کو شدید تشویش ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:سہیلی سرکار کمپلیکس کاسنگ بنیاد ،منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے، وزیراعظم انوارالحق
کشمیری حریت پسند رہنما شبیر شاہ بھی کشمیر کی آزادی کی جد وجہد کے جرم کی سزا کاٹنے پر مجبور ہیں بھارتی ایما پر قید رہنماؤں کو علاج معالجے کی سہولیات میسر نہیں حریت رہنماشبیر شاہ کو جہاں جھوٹے مقدمات کا سامنا ہے وہاں وہ کئی جان لیوا امراض کا شکار ہیں انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھارت میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں مذہبی رواداری محبت بھائی چارے اور انسانی ہمدردی کا ثبوت دیں محرم الحرام ہمیں صبر استقامت اپنے مقصد سے محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے ۔