آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں 2026کے انتخابات کونسی پارٹی جیتے گی؟ طارق فاروق کا اہم بیان آگیا

بھمبر آزاد کشمیر( کشمیر ڈیجیٹل) سابق سینئر وزیر، مرکزی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر چوہدری طارق فاروق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان دنوں آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی ، حکومتی اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے غیر معمولی ہلچل دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ یہ معاملات سوشل میڈیا پر بھی زیربحث ہیں اور سیاسی اور صحافتی حلقے بھی ان پر تبصرے کر رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے تمام کارکنان ، عہدیداران اور ہمدردوں سے گزارش کی کہ وہ ان حالات میں استقامت، تدبر اور پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا مظاہرہ کریں ۔ ہمیں ان سیاسی تبدیلیوں اور حالات کا اندازہ بہت پہلے سے تھا، جن کا آج مختلف حلقے ذکر کر رہے ہیں یا ان پر تبصروں میں مصروف ہیں ۔  الحمدللہ، پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کی قیادت نے ان ممکنہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے بروقت پالیسی ترتیب دی اور ہماری مرکزی قیادت نے بھی اس میں مکمل رہنمائی اور حمایت فراہم کی ۔

آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ میں ایسی تبدیلیاں کوئی انہونی بات نہیں۔ یہاں بعض لوگ سیاسی جماعتوں پر یقین رکھتے ہیں، کچھ دھڑے بندی کو فوقیت دیتے ہیں ، اور بعض موقع پرست عناصر حالات کے مطابق اپنی وفاداریاں تبدیل کر لیتے ہیں۔ افسوس ہے کہ سوشل میڈیا اور مین اسٹریم میڈیا ایسی سیاسی حرکتوں کی کسی نہ کسی وجہ سے دانستہ یا غیر دانستہ حوصلہ افزائی کرتا ہے اور اسے بہترین سیاسی حکمت عملی سے تعبیر کرتا ہے ۔ مگر ہم ان حالات سے غافل نہیں ۔ ہمارا ہوم ورک کافی حد تک مکمل ہے۔ ہم پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں مقیم کارکنان و رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔

سیاسی جماعتوں میں شمولیت یا تبدیلیاں سیاسی عمل کا حصہ ہوتی ہیں ، لیکن ہمیں ان کا تجزیہ سیاسی بلوغت اور حکمت سے کرنا ہوگا۔یہ بات باعث اطمینان ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک منظم، مستحکم اور مؤثر جماعت ہے ، جو یونین کونسل کی سطح سے لے کر اعلیٰ قیادت تک مربوط اور باہم مربوط تنظیمی ڈھانچے کی حامل ہے۔ ہماری صفوں میں اعتماد اور ہم آہنگی موجود ہے ۔ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ہماری پوزیشن بالکل واضح اور مضبوط ہے۔ان حالات میں جب دوسری جماعتیں اور حکومتی عناصر ہمارے خلاف صف بند ہو رہے ہیں، ہمیں بھی اپنے اتحاد کو مضبوط بنانا ہوگا ۔

ہم اتحاد کی سیاست کیخلاف نہیں مگر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کمزور بھی نہیں ، آزاد جموں کشمیر کے عوام اور مہاجرین مقیم پاکستان مسلم لیگ ن اور قائد محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں ۔ الیکشن لڑنا ہر کارکن کا حق ہے۔ جو جماعتی کارکنان 2026 کے آمدہ انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں، وہ پارٹی کے ڈسپلن میں ر ہتے ہوئے اپنی مہم چلائیں ۔ پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست دینا ان کا استحقاق ہے ۔ لیکن کسی سینئر ر ہنما یا کارکن کی تضحیک، کردار کشی یا الزامات کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور غیر اخلاقی رویہ ہے، جس کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں کی جا سکتی ۔

اسی حرکتوں سے گریز کرنا چاہیے۔پارٹی جس کو بھی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرے گی، اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد اور ڈسپلن کی پابندی لازم ہے۔ اگر ہم پارٹی فیصلوں پر اتحاد، ڈسپلن اور وفاداری کے ساتھ عمل کریں گے، تو انشاءاللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر 2026 کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

Scroll to Top