کوئٹہ: مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج 26 جون 2025 کو نمازِ عصر کے بعد کوئٹہ میں منعقد ہو رہا ہے، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیاں بھی اپنے اپنے شہروں،اسلام آباد، لاہور، کراچی اور دیگر مقامات پر چاند دیکھنے کیلئے اجلاس کریں گی۔
زرائع کے مطابق آج غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 28 گھنٹے 15 منٹ ہوگی جب کہ ساحلی علاقوں میں چاند اور سورج کے غروب کے درمیان 75 منٹ کا وقفہ ہوگا، جو چاند نظر آنے کے لیے سازگار وقت سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین فلکیات اور سپارکو کی پیشگوئی کے مطابق اگر موسم صاف رہا تو آج محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات موجود ہیں اور ممکنہ طور پر 1447 ہجری کا آغاز 27 جون 2025 کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: چین نے الیکٹرک گاڑیوں کو عام کیسے بنایا؟ دنیا کی سب سے بڑی ای وی مارکیٹ کا راز
اجلاس کے بعد چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی حتمی اعلان کریں گے کہ چاند نظر آیا ہے یا نہیں، جس کی بنیاد پر محرم کی پہلی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔