مسجد الحرام میں آج غلافِ کعبہ تبدیلی کی تقریب آج منعقد ہوگی

مکہ مکرمہ: نئے اسلامی سال کے آغاز پر مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور اور بابرکت تقریب آج انجام دی جائے گی، جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مقدس فریضہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں ادا کیا جائے گا، جس میں مسجد الحرام کے آئمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے ماہرین، اعلیٰ حکام اور خصوصی ٹیم شرکت کرے گی۔ نئے غلافِ کعبہ کی تیاری کا عمل کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ میں دو سو سے زائد ماہر کاریگروں نے 11 ماہ کی محنت سے مکمل کیا۔ مجموعی طور پر 1,415 کلوگرام وزنی غلاف میں 1,000 کلوگرام خالص ریشم، 120 کلوگرام سونے اور 100 کلوگرام چاندی سے تیار کردہ دھاگوں سے قرآنی آیات کی کشیدہ کاری کی گئی ہے۔ نیا غلاف چار بڑے ٹکڑوں اور درمیانے و چھوٹے 47 حصوں پر مشتمل ہے۔

تقریب کا آغاز نمازِ عصر کے بعد پرانے غلاف کے سنہری حصوں کو احتیاط سے ہٹانے سے ہوگا، جب کہ نیا غلاف نمازِ عشاء کے بعد بیت اللہ شریف پر چڑھایا جائے گا۔ یہ روایت ہر سال یکم محرم کو ادا کی جاتی ہے اور حرمین شریفین کی تاریخ میں اسے ایک عظیم اور مقدس عمل کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ رواں برس جدہ میں پہلی بار غلافِ کعبہ کی نمائش مکہ مکرمہ سے باہر اسلامی آرٹس بینالے 2025 کے تحت منعقد کی گئی، جو 25 جنوری سے 25 مئی تک درعیہ بینالے فاؤنڈیشن کی میزبانی میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر جاری رہی۔

یہ بھی پڑھیں: ایل پی جی سلنڈر دھماکے کا خطرہ! محکمہ صنعت و تجارت کی وارننگ جاری

درعیہ بینالے فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق غلافِ کعبہ قرآنی آیات، اسماء حسنہ اور اسلامی طرزِ آرائش کے امتزاج کے ساتھ اسلامی فنون کی تخلیق کی اعلیٰ ترین مثال تصور کیا جاتا ہے۔

Scroll to Top