قیادت کاہرفیصلہ تسلیم ہے، پی پی رہنمائوں کاتنویر الیاس کی شمولیت کا خیرمقدم

مظفرآباد:سپیکر قانون ساز اسمبلی و سنیئر راہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا ہے انکے آنے سے پیپلزپارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ہمیں اعتماد میں لے کریہ فیصلہ کیا ہے،دارالحکومت مظفرآباد سے تنویر الیاس کا الیکشن لڑنے نہ لڑنے کا فیصلہ قیادت کریگی۔

پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات،وزیر وائلڈ لائف وفشریز سردار جاوید ایوب نے کہا کہ سردار تنویر الیاس کا شامل ہونا پارٹی کیلئے بہت بہتر ہے،پیپلزپارٹی عوامی اور بڑی جماعت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردار تنویر الیاس وزارت عظمیٰ کیلئے پیپلزپارٹی میں شامل، دیوان علی چغتائی بھی اڑان بھرنے کیلئے تیار، غلام اللہ اعوان

سردار تنویر الیا س کے آنے سے پیپلزپارٹی مضبوط ہوگی اور نئے لوگ بھی شامل ہوں گے، یہ جیالوں کیلئے خوشی کاباعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایسی کسی بات کا علم نہیں ہے کہ سردارتنویر الیاس کو صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر بنایا جا رہا ہے، قیادت جو بھی فیصلہ کریگی ہم اس کو تسلیم کریں گے۔

وزیر قانون میاں عبدالوحید نے کہا کہ ہم سردار تنویر الیاس کو ارب پتی کے طور پر نہیں ایک کارکن کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور ان کو پیپلزپارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم سردارتنویر الیاس ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل

انہوں نے کہا کہ حالات انسان کو کبھی سیاست ، کبھی بزنس پر لے کر آتے ہیں اب وہ مستقل طور پر سیاست کررہے ہیں،ہمیں تنویر الیاس کاٹریک ریکارڈ برا نہیں ہے،ہمیں بہتری کی امید رکھنی چاہیے۔

پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے بھی تنویر الیاس کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا ہے،سردار تنویر الیاس نے وزارت عظمیٰ کے دور میں اچھے کام کرائے ، ان کو نکال کرزیادتی کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ سردار تنویرالیاس کے بارے میں کہا جا رہے کہ وہ ممکنہ طور پر صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیریا آمدہ وزیراعظم بنانے کے وعدے پر پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

تنویر الیاس کی شمولیت کے موقع پر صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیرچوہدری یاسین اور سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور موجود نہ تھے جس پرخدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے ، فیصل راٹھورکی گزشتہ روز تنویر الیاس سے ملاقات ہوئی لیکن چوہدری یاسین ابھی تک خاموش ہیں۔

Scroll to Top