مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل، مدیحہ عباسی سے)آزاد کشمیر میں ایچ آئی وی کے چھ مریض سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت متحرک ہو گیا۔
وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایت اور کابینہ کے مشورے پر فوری طور پر اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں ایمز مظفرآباد کا دورہ بھی کیا گیا اور محکمہ صحت کے تمام اعلیٰ افسران سے ہنگامی میٹنگز ہوئیں۔وزیر صحت نے انکشاف کیا کہ یہ مریض مظفرآباد کے مختلف اسپتالوں میں ٹیسٹ کے دوران سامنے آئے، جن کی رپورٹوں کی بنیاد پر فوری کارروائی کی گئی۔
نثار انصر ابدالی کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر عالمی ادارہ صحت (WHO) اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) کے ماہرین سے بھی قریبی رابطہ ہے اور ان کی معاونت سے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایمز مظفرآباد میں ایچ آئی وی کی تشخیص اور علاج کے لیے باقاعدہ فری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں، جہاں مریض بغیر کسی خوف کے آ کر اپنا ٹیسٹ اور علاج کرا سکتے ہیں۔
ٍڈاکٹر نثار انصر ابدالی کا کہنا تھا کہ ہم نے خاص ہدایت دی ہے کہ مریض کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے تاکہ ان کی عزت نفس محفوظ رہے۔
وزیر صحت نے اس موقع پر ٹیم کا تعارف بھی کرایا جو اس مرض کی روک تھام، تشخیص اور علاج پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ اس ٹیم میں ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر بشریٰ شمس، ڈاکٹر مرتضیٰ (سی ایمز)، ڈاکٹر سردار ادریس، ڈاکٹر نوید احمد (ڈپٹی ڈائریکٹر آر بی سی)، ڈاکٹر سجاد حیدر اعوان، ڈاکٹر احمد جنید اور ڈاکٹر سردار معروف (انچارج ڈائیلسز سینٹر) شامل ہیں۔
نثار ابدالی نے واضح کیا کہ “اس وقت ایمز مظفرآباد میں پہلے سے 60 مریض باقاعدہ اپنا علاج کرا رہے ہیں اور نئی صورتحال کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جا چکی ہے۔
کمیٹی کا مقصد تمام متعلقہ طبی یونٹس جیسے ڈینٹل، سرجری، بلڈ ٹرانسفیوژن سینٹرز اور ڈائیلسز یونٹس کو معیاری اور محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف ہسپتال ہی نہیں بلکہ حجام، ناک کان چھدوانے والے دکانداروں اور دیگر خطرناک ذرائع پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے اور ان کیلئے بھی ایس او پیز مرتب کئے جا رہے ہیں تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔
وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی اس مہم میں بھرپور تعاون کریں۔یہ امر یقینی بنایا جائے گا کہ تمام افراد کے لیے یکساں پروٹوکولز ہوں۔ جب حکومت اور عوام مل کر کام کرتے ہیں تو کامیابی یقینی ہوتی ہے۔
جامعہ پونچھ ،فیکلٹی آف ایگریکلچر کے زیراہتمام ایلومنائی ری یونین کی تقریب کا اہتمام