کراچی؛ آزاد کشمیر کی سیاست میں بڑی تبدیلی، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اپنے گروپ سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، فریال تالپور، چوہدری ریاض نے ہار پہنا کر ویلکم کہا۔
تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے ممبر قانون ساز اسمبلی علی شان سونی،مشیر حکومت احمد صغیر،عمر تنویر الیاس کے ہمراہ کراچی میں صدر زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اور چوہدری ریاض سے ملاقات میں پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
سردار تنویر الیاس خان مشہور کاروباری شخصیت ہیں، گزشتہ الیکشن میں سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکی تھی۔
تنویر الیاس خان کا تعلق راولاکوٹ سے ہونے کے باوجود انہوں نے حلقہ وسطی باغ سے الیکشن لڑا اور کامیابی سمیٹی لیکن یہ وزیراعظم نہ بن سکے اورعمران خان نے قرعہ سردار قیوم نیازی کےنام نکالا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس بلاول ہاوس کراچی پہنچ گئے ، پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان
وفاق میں عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد سردار قیوم نیازی کو ہٹا کرآزادکشمیر کے وزیراعظم منتخب ہو ئے لیکن عدلیہ پر تنقید کرنے پر ان کو ہائیکورٹ نے نااہل قرار دیدیا۔
وزارت عظمیٰ سے فارغ ہونے کے کچھ عرصہ بعد سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور آزادکشمیر چیپٹر کے صدر بن گئے ۔
استحکام پاکستان پارٹی وفاق کے الیکشن میں کارکردگی نہ دکھا سکی اور جہانگیر ترین بھی سیاست سے علیحدہ ہو گئے جس پر ایک سال سے سردار تنویر الیاس نئی سیاسی پارٹی جوائن کرنے کا سوچ رہے تھے۔
سردار تنویر الیاس کی ن لیگ کی قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوئیں لیکن معاملات طے نہیں پا سکے۔
ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس خان اس بار پھر باغ سے الیکشن میں حصہ لیں گے اور ان کے سابق وزیر حکومت وسینئر سیاستدان سردار قمرا لزمان خان سے معاملات طے پا چکے ہیں۔
سردار قمر الزمان آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے، ایک حلقہ سے سردار تنویر الیاس دوسرے حلقہ سے سردار ضیاء القمر پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
سابق صدرووزیراعظم سردار یعقوب خان اور وزیر حکومت سردار ضیاء القمر بھی انکی شمولیت کے موقع پر موجود تھے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ سردار تنویر الیاس باغ اور احمد صغیر کیلئے پاچھیوٹ سے ٹکٹس کنفرم ہونے پر پیپلزپارٹی میں شامل ہو ئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند دنوں میں اسلام آباد میں جلسہ منعقد کیا جائیگا جس میں پیپلزپارٹی کی جانب سے سردار تنویر الیاس کو ویلکم کہا جائیگا۔