امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، وقت اور طریقہ افواج طے کریں گی:ایران کااعلان

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران نے امریکی حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ایرانی مندوب نے واضح کیا کہ اس حملے کے جواب کا وقت اور طریقہ ایران کی مسلح افواج خود طے کریں گی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران میں حکومت کی تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر موجودہ ایرانی حکومت ملک کو عظیم نہیں بنا رہی تو پھر رجیم چینج کیوں نہ ہو؟

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایران پر امریکی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کا پورا حق رکھتا ہے اور ان حملوں کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کے جواب کی نوعیت اور وقت کا فیصلہ ایرانی افواج خود کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی الزامات بے بنیاد، جھوٹے اور سیاسی مقاصد سے بھرپور ہیں، جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ ایروانی نے جنرل قاسم سلیمانی کو ایرانی عوام کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے لیے باعثِ فخر رہیں گے۔

ایرانی مندوب نے اسرائیلی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو امریکا کو جنگ میں دھکیلنے میں کامیاب ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لیے واشنگٹن نے سفارتی کوششوں کو پسِ پشت ڈال دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران پر حملے نیتن یاہو کو بچانے کی کوشش کا حصہ ہیں، جس سے عالمی امن شدید خطرے سے دوچار ہو چکا ہے۔

ایروانی نے مزید کہا کہ ایران نے امریکا کو متعدد بار خبردار کیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، لیکن اب خود امریکا نے اپنی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جارحیت پر غیر جانبدار اور مؤثر کارروائی کرے، ورنہ اس کے اثرات پوری دنیا کو بھگتنا ہوں گے۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین ایران کو اپنے دفاع کا مکمل اختیار دیتے ہیں اور ایران اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جوہری عدم پھیلاؤ کا معاہدہ (NPT) اب ایک سیاسی ہتھیار بن چکا ہے، جسے مکمل طور پر سیاست زدہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس آج طلب کر لیا

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران میں رجیم چینج کے امکان کو خارج از امکان قرار نہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کی موجودہ حکومت اپنے ملک کو عظیم نہیں بناتی، تو پھر حکومت کی تبدیلی کیوں نہ ہو؟

Scroll to Top