وادی نیلم میں واقع آرنگ کیل ایک جنت نظیر گاؤں ہے جو اپنی قدرتی خوبصورتی، سرسبز پہاڑوں اور خوشگوار موسم کی بدولت سیاحوں کو بے حد مقبول ہے۔
آرنگ کیل نہ صرف فطرت کو قریب سے دیکھنے کے لیے ایک بہترین جگہ ہے بلکہ ایڈونچر کے شوقین سیاحوں کے لیے بھی بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہاں کی سرسبز چراگاہیں، بلند و بالا برف پوش پہاڑ اور پرسکون ماحول ہر آنے والے کو سحر میں جکڑ لیتےہیں ۔
آرنگ کیل تک پہنچنے کے لیے سیاحوں کو کیل سے ایک چیلنجنگ مگر دلکش ہائیکنگ ٹریک عبور کرنا پڑتا ہےجو سفر کو مزید یادگار بنا دیتا ہے۔ راستے میں بہتے چشمے، سرسبز میدان اور جنگلی پھولوں کی مہک سفر کی تھکن کو ماند کر دیتی ہے۔ یہاں پہنچ کر سیاح قدرتی نظاروں کے ساتھ روایتی کشمیری طرزِ زندگی کا قریب سے مشاہدہ بھی کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کی بڑی جیت، سات سال بعد بھارت کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ہرا دیا
یہ علاقہ اپنی مقامی ثقافت اور مہمان نوازی کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔ مقامی آبادی نہایت دوستانہ رویے کی حامل ہے اور سیاحوں کو خوش آمدید کہنے میں خوشی محسوس کرتی ہے۔ آرنگ خیل میں روایتی کشمیری کھانے جیسے کہ گرم چائے، مقامی پکوان اور دیسی مکھن کا ذائقہ آپ کی سیاحت کو دوبالا کر دے گا۔
فطرت سے محبت کرنے والے افراد کے لیے یہ جگہ کسی خواب سے کم نہیں کیونکہ یہاں کی پرامن فضا، سرسبز وادیاں اور برف پوش پہاڑ انسان کو حقیقی معنوں میں قدرت کے قریب لے آتے ہیں۔ اگر آپ فطرت کے حسین مناظر کو قریب سے دیکھنا چاہتے ہیں اور ایک یادگار سفر پر جانا چاہتے ہیں تو آرنگ کیل ضرور جائیے کیونکہ یہ جگہ ایک بار دیکھنے والوں کے دل میں ہمیشہ کے لیے بس جاتی ہے۔