متحد رہیں گے تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی: ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی برابر ہیں، متحد رہیں گے تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی اور مزید یہ کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں۔

کراچی میں مختلف مذاہب اور سماجی طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران ترجمان پاک فوج نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں اور اُنہیں آئینی طور پر مکمل حقوق حاصل ہیں کیونکہ قومی اتحاد برابری اور ہم آہنگی سے ہی قائم رہتا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور شرکاء نے اُن سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے جبکہ پاک فوج جدید جنگی حکمت عملی کے ساتھ دشمن کو جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے نسلی یا لسانی نفرت کو “جہالت” قرار دیا اور ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ “تمام پاکستانی برابر ہیں، متحد رہیں گے تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔”

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت، ترجمان دفتر خارجہ

ملاقات میں شریک مختلف سماجی اور مذہبی حلقوں کے نمائندوں نے اس نشست کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Scroll to Top