بھارت سندھ طاس معاہدہ نہیں مانتا تو جنگ لڑے، ہم دوبارہ شکست دیں گے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدہ تسلیم نہیں کرتا تو پاکستان سے ایک اور جنگ لڑے، ہم دوبارہ اسے شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو سفارتی محاذ پر بھی شکست دی ہے، عالمی میڈیا میں بھارت کا بیانیہ ہار گیا اور پاکستان کا بیانیہ جیت گیا۔

سفارتی دورے کے بعد کراچی واپسی پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ تسلیم نہیں کرتا تو پاکستان سے ایک اور جنگ لڑے ہم دوبارہ اسے شکست دیں گے ہم اپنے دریا کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو عبرت ناک شکست دی، پاکستان کے ساتھ سچ اور بھارت کے ساتھ جھوٹ کھڑا تھا، کشمیر کا معاملہ ہمارے لیے سب سے اہم ہے ہم نے سفارتی دورے میں دنیا کو امن کا پیغام پہنچایا، کشمیر میں بھارتی ظلم کو اجاگر کیا جگہ جگہ کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ جنگ ہارنے کے بعد بھارت کی کوشش تھی کہ ہمیں سفارتی محاذ پر شکست دے مگر ہم نے اپنی موثر مہم کے ذریعے بھارت کو سفارتی محاذ پر بھی شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مثبت سیاست کا استعمال کیا، عالمی میڈیا میں بھارت کا بیانیہ ہار گیا اور پاکستان کا بیانیہ جیت گیا، ہم نے پاکستان کا مقدمہ اقوام متحدہ میں پیش کیااور ہم بھارت کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کو سندھ طاس معاہدہ ماننا پڑے گا، اس کے پاس دو آپشن ہیں یا تو معاہدہ تسلیم کرے ورنہ پاکستان سے ایک اور جنگ لڑے اور ہم اس جنگ میں بھی بھارت کو شکست دیں گے، ہم اپنے دریا کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ طاس معاہدہ کبھی بحال نہیں ہو گا،امت شاہ کی گیدڑبھبکی

بلاول بھٹو نے ملک کے سیاسی ماحول پر بات کرتے ہوئے کہا:”پاکستان میں کچھ لوگ صوبوں کے درمیان نفرتیں پھیلاتے ہیں، بھارت نے جب ہمارے دریا پر حملہ کیا ہے تو یہ سیاسی یتیم کہاں غائب ہیں؟ ان کے پیچھے ہمیشہ سے بھارت رہا ہے جو ’پاکستان نہ کھپے‘ اور ’سندھ نہ کھپے‘ کے نعرے لگاتے ہیں اور اب جب الیکشن ہوں گے تو ان سیاسی یتیموں کو ہم ایک بار پھر عبرت ناک شکست دلائیں گے۔”

Scroll to Top