ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے لیکن وادی لیپہ کا سیاحتی مقام نوکوٹ گلی ٹھنڈے، خوشگوار موسم اور قدرتی مناظر کا حسین امتزاج پیش کر رہا ہے۔
یہاں ایک طرف شمس بری پہاڑ کی بلند چوٹی، دوسری طرف کوجیاں ٹاپ کی سرسبز ڈھلوانیں، اور نیچے پھیلے ہوئے سرخ چاولوں کے کھیت سیاحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔پانی سے بھرے کھیت، ٹھنڈی ہوائیں اور دلکش نظارے ایک الگ ہی دنیا کا احساس دلاتے ہیں۔ یہاں کے مقامی افراد اور آنے والے سیاح اس مقام کے پُرسکون ماحول اور قدرتی حسن کی تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ نوکوٹ گلی آج کل سیاحت کا مرکز بن چکا ہے، اور گرمی سے بچنے کے لیے بہترین قدرتی پناہ گاہ ثابت ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:موسمیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ،مظفرآباد میں شدید گرمی،فصلیں، پھل ، جنگلی حیات سب متاثر
کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے جی ایم بخاری نے وادی لیپہ کے خوبصورت اور قدرتی حسن سے بھر پور مقام نوکوٹ گلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ایک طرف ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے ،درجہ حرارت45ڈگری کو چھو رہا ہے وہی وادی لیپہ کا یہ حسین گوشہ قدرت کی ٹھنڈی آغوش میں چھپا ہواہے ۔ یقین جانیے یہاں کا موسم ایسا ہے کہ دھوپ میں بھی ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے ۔ سر پر دھوپ ہے مگر جسم پر ٹھنڈی ہوا محسوس ہو رہی ہے ۔ یوں لگتا ہے کہ قدرت خود اپنے ہاتھوں گرمی کو روک رہی ہے ۔
میرے ارد گرد ایک طرف بلند و بالاشمس بری پہاڑ کا دلکش نظارہ ہے اور دوسری طرف کوجیاں ٹاپ کی سرسبر چوٹی جو ہرے قالین کی طرح قدرتی حسن بکھیر رہی ہے ۔ میرے ارد گرد پھیلے ہوئے ہیں وادی لیپہ کے مشہور سرخ چاولوں کے کھیت ،جن میں پانی کا رواں منظر ، یوں لگتا ہے کہ قدرت اس علاقہ پر مہربان ہے ، یہاں پر آئے سیاحوں سے بات چیت کرتے ہوئے نمائندہ کشمیر ڈیجیٹل نے سوال کیا کہ آپ کو یہاں کا موسم کیسا لگا تو انہوں نے جواب دیا کہ پاکستان میں جو لوگ گرمی میں پک رہے ہیں وہ یہاں کا رخ کریں اور ٹھنڈے ٹھار موسم سے لطف اندوز ہوں ۔