حالیہ جنگ کا سب سے بڑا ایرانی حملہ: نیتن یاہو کی ایران کو کھلی دھمکی

تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے تازہ بیلسٹک میزائل حملے کے بعد دھمکی آمیز لہجے میں کہا ہے کہ ایرانی ظالموں کو اسپتال پر حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائلوں نے ساروکا اسپتال اور وسطی اسرائیل میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس پر اسرائیل شدید ردعمل دے گا۔

ادھر اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ نے بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ آج کے حملے کا بدلہ آیت اللہ خامنہ ای سے لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خامنہ ای بنکر میں چھپ کر عوام پر حملے کروا رہے ہیں مگر ہم ان کی حکومت کو تہس نہس کر دیں گے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسرائیلی افواج کو تہران میں موجود خطرے کو ختم کرنے کے لیے حملوں میں شدت لانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے آج صبح اسرائیلی شہروں پر ایک اور بیلسٹک میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں 65 افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے اس حملے کو حالیہ جنگ کا سب سے بڑا ایرانی حملہ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے اعلیٰ تحقیق اور معیاری علاج کا مرکز بنے گا: وزیراعظم شہباز شریف

دوسری جانب ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حملوں میں اسرائیلی فوجی کمانڈ، انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر اور انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جب کہ ساروکا اسپتال کو اس کے قریب فوجی مراکز ہونے کی وجہ سے جزوی نقصان پہنچا۔

Scroll to Top