پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اب صرف پاکستان اور بھارت کا نہیں رہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیش کش کے بعد یہ مسئلہ مزید اُجاگر ہو گیا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ٹرمپ کا ظہرانہ پاک امریکا تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ظہرانہ ایک بڑا سنگِ میل ہے، پاک امریکا تعلقات میں ایسی گرم جوشی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا شیڈول پہلے سے طے شدہ تھا اور اس دورے کے خطے میں اور خطے سے باہر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد کیبنٹ روم میں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ ملاقات کے بعد اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملنا ان کے لیے اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہر لمحہ پاکستان کے لیے تھا،چیمپیئنز ٹرافی کی سالگرہ پر سرفراز احمد کا جذباتی پیغام
بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کو چین سے 40 جے 35 لڑاکا طیارے ملنے کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بھارت ان خبروں پر پریشان ہو رہا ہے تو اُسے ہونے دیں کوئی بھی ہتھیار حاصل کرنا پاکستان کا حق ہے۔