حکومت نے سولر پینل پر عائد ٹیکس میں کمی کا اعلان کردیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سولر پینل پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سولر پینل پر بجٹ میں عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس کو کم کرکے 10 فیصد کرنے کا اعلان کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے بعض بجٹ تجاویز پر نظر ثانی کی ہے، بجٹ پر اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے، ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس صوبوں کا حق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سولر پینلز کی درآمد پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ کی جامعات کےلیے مختص رقم 2 ارب 60 کروڑ سے بڑھا کر 4 ارب 60 کروڑ کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جسے قائمہ کمیٹی خزانہ نے مسترد کردیا تھا۔

حکومتی اتحادی جماعت پیپلزپارٹی نے بھی سولر پر ٹیکس مسترد کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ سولر پر ٹیکس لگایا گیا تو بجٹ منظور کرنے کی مخالفت کرینگے۔

Scroll to Top