راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)کشمیر کمپین گلوبل یو کے کے چیئرمین ظفر احمد قریشی نے دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ڈائسپورا سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اتحاد، عزم اور واضح حکمتِ عملی کے ساتھ اپنا موثر کردار ادا کریں۔
یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن (یکجا) کے زیر اہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران ظفر قریشی نے کہا کہ پاکستان نہ صرف مسئلہ کشمیر کا فریق ہے بلکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا دیرینہ اور مستقل وکیل بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا،”کشمیری ڈائسپورا کو اب اپنی ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سیاسی بیانیے میں موثر طریقے سے شامل کرنا ہوگا۔
ظفر احمد قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کشمیریوں میں باہمی اختلافات اور غیر موثر حکمتِ عملی نے جدوجہد کو نقصان پہنچایا ہے۔ظفر قریشی نے میڈیا کو جدید دور کی “اطلاعاتی جنگ” کا ایک طاقتور ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی بندش اور حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران، پاکستانی اور کشمیری میڈیا نے بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ظفرقریشی کا کہنا تھا کہ کشمیری صحافیوں کو مغربی میڈیا کے ساتھ روابط بڑھانے ہوں گے تاکہ مظلوم کشمیری عوام کی آواز دنیا تک موثر انداز میں پہنچائی جاسکے اور بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے بیانیے کا توڑ کیا جا سکے۔
ظفر قریشی نے موجودہ عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حالیہ جغرافیائی اور سفارتی تبدیلیوں کے باعث بھارت کو عالمی سطح پر نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس کا فائدہ کشمیری تحریک کو پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا،”بھارت دفاعی پوزیشن میں آ چکا ہے اور عالمی سطح پر کشمیر کی تحریکِ آزادی کو دوبارہ توجہ مل رہی ہے۔ ہمیں اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
آخر میں انہوں نے کشمیری قیادت پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر اتحاد پیدا کرے اور جدوجہدِ آزادی کے لیے نئی حکمتِ عملی مرتب کرے۔”یہ وقت ہے ایک نئی کمٹمنٹ کا ہماری قیادت کو اب اپنا کردار نبھانا ہوگا۔
وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے 2025-26 کا بجٹ اسمبلی میں پیش کر دیا