ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی ایک نئے محاذ پر جا پہنچی، جب ایرانی سائبر حملے کے تحت اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز پر ہنگامی پیغامات موصول ہوئے، جس نے ملک بھر میں خوف کی لہر دوڑا دی۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر سائبر حملہ کیا گیا، جس میں شہریوں کو موبائل فونز پر پناہ گاہوں میں جانے اور ایندھن ذخیرہ کرنے کے پیغامات موصول ہوئے۔ اسرائیلی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان پیغامات کو نظرانداز کریں، کیونکہ یہ ایران کا ایک نفسیاتی وار ہے۔
اس حملے کے دوران ایک اسرائیلی ٹی وی چینل کو بھی مبینہ طور پر ہیک کر لیا گیا، جب لائیو پروگرام کے دوران غیر متوقع مداخلت سے اینکر حیران رہ گئے۔
اس سائبر حملے سے قبل پیر اور منگل کی درمیانی شب ایران نے اسرائیل پر میزائل اور ڈرونز سے ایک بڑا حملہ کیا تھا، جس میں تل ابیب اور حیفہ کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے باعث حیفہ ریفائنری کی پیداوار مکمل طور پر رک گئی جبکہ تین افراد ہلاک ہو گئے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل پر حملے صبح تک جاری رہیں گے۔ قبل ازیں، پیر کو کیے گئے میزائل حملے میں کم از کم 8 اسرائیلی ہلاک اور 92 زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے سیچویشن روم میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا،ٹیم کو ایرانی حکام سے ملاقات کی ہدایت
رپورٹس کے مطابق، جمعے سے اب تک ایران کے میزائل حملوں میں مجموعی طور پر 24 اسرائیلی ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔