میرپور:محکمہ برقیات کا لائن مین عمران اپنے ہی محکمہ کا لاکھوں مالیت کا سامان چوری کرنے میں ملوث نکلا، ایس ڈی او برقیات نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سامان برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لائن مین و میٹر ریڈر عمران نے تھوتھال روڈ میرپور میں پلازہ میں سٹور رکھا ہوا تھا جہاں محکمہ کی تاریں اور میٹر چوری کرکے فروخت کئے جا تے تھے۔
ایس ڈی او محکمہ برقیات عدیل اکرم مغل نے چھاپہ مارا تو اس کاسہولت کار وقاص رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جس کو گرفتارکر لیا گیاجبکہ مرکزی ملزم گرفت میں نہیں آسکا۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ برقیات کے گزشتہ 20 سال سے کام کرنیوالے ملازمین نظرانداز، عزیزوں کو نوازنے کی تیاری
ذرائع کے مطابق محکمہ برقیات کے لائن مین و میٹر ریڈر عمران نے ہال روڈ ڈومال پلازہ کی بیسمنٹ میں سٹور بنا رکھا تھا جہاں چوری شدہ سامان فروخت کیا جاتا تھا۔
عوامی وسماجی حلقوں و اہلیان سیکٹر ایف فور نے محکمہ برقیات اور ایس ایچ تھانہ تھوتھال کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
ایس ڈی عدیل اکرم مغل کا کہنا تھا کہ عمران کی گزشتہ چند دنوں سے حرکات مشکوک تھیں جس پر ہم نے کڑی نظر تھی۔
ملزم نے کتنا سامان چرایا اورکب سے چرا رہا تھاتفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں،سہولت کار سے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔