ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی فضائی نظام شدید متاثر ہو رہا ہے، جس کے اثرات دنیا بھر کی فضائی سرگرمیوں پر مرتب ہورہے ہیں۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے ایران، عراق، اسرائیل اور دیگر متاثرہ ممالک کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں، جس سے ہزاروں مسافر سفری مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ سعودی ایئرلائن نے ایران اور عراق کے لیے آج اور 17 جون کی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ روس، لبنان، قازقستان، آذربائیجان اور ازبکستان کے لیے پروازیں مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔ قطر ایئرلائن نے بھی ایران، عراق اور شام کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
یو اے ای کی ایئرلائن نے اسرائیل، ایران اور عراق کے لیے پروازیں 20 جون تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ جرمن ایئرلائن نے اسرائیل، عراق، ایران، عمان اور لبنان کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ ترک ایئرلائن نے ایران کے لیے اپنی پروازیں 19 جون تک بند کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آٹھمقام میں افواجِ پاکستان کا فری میڈیکل کیمپ، شہریوں کا خراجِ تحسین
ان تمام اقدامات کے باعث بین الاقوامی فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے اور مسافروں کو سفری منصوبہ بندی میں غیر معمولی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ پروازوں کی معطلی نے نہ صرف سفر کو متاثر کیا ہے بلکہ خطے کی مجموعی صورتحال کو بھی مزید غیر یقینی کا شکار بنا دیا ہے۔