trump

پاک بھارت کشیدگی ختم کرائی، ایران اسرائیل جلد معاہدہ کرینگے، میں بہت کچھ کرتا ہوں کریڈٹ نہیں ملتا، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان امن ممکن ہے اور جلد ہی ایک معاہدہ طے پا سکتا ہے،امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فار م ٹروتھ پر اپنی صدارت کی خارجہ پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی میں کئی دیرینہ تنازعات کو ختم کر چکے ہیں اور ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں امن قائم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کو ایک معاہدہ کرنا چاہیے اور یہ معاہدہ ہو گا، جس طرح میں نے تجارتی دباؤ کے ذریعے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کی راہ ہموار کی، دونوں رہنماؤں نے فوری فیصلے کیے اور معاملات رک گئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :اسرائیلی حملوں میں امریکہ شریک ہے نتائج بھگتے گا ،ایران،ہم ملوث نہیں حملہ کیا تو پوری قوت سے جواب دینگے، ٹرمپ

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پہلی صدارت کے دوران سربیا اور کوسوو کے درمیان کشیدہ صورتحال جنگ کے دہانے پر تھی لیکن ان کی مداخلت سے امن قائم ہوا،ٹرمپ کے مطابق انہوں نے مصر اور ایتھوپیا کے درمیان دریائے نیل پر ایک بڑے ڈیم کی تعمیر کے معاملے پر بھی مداخلت کی اور اس وقت خطے میں امن قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح اسرائیل اور ایران کے درمیان جلد ہی امن قائم ہو جائے گا اور اس سلسلے میں اس وقت کئی فون کالز اور ملاقاتیں جاری ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ نے شکایت کی کہ وہ بہت کچھ کرتے ہیں لیکن انہیں کریڈٹ نہیں ملا جس کے وہ مستحق تھے، انہوں نے کہا کہ لوگ سب کچھ سمجھتے ہیں امریکی صدر نے کہا کہ وہ “مشرق وسطیٰ کو عظیم بنائیں گے۔

 

Scroll to Top