تہران: ایران اور عراق میں ہزاروں پاکستانی مذہبی سیاح اور دیگر افراد پھنس گئے ہیں اور پاکستانی سفارت خانوں سے رابطہ نہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
ایک پاکستانی مسافر نے نجی نیوز چینل کو بتایا کہ تہران میں پاکستانی سفارت خانے کا واحد ایمرجنسی نمبر بند ہے، جبکہ عراق میں بھی پاکستانی سفارت خانے کے ایمرجنسی نمبرز کوئی نہیں اٹھا رہا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ایران میں پاکستانی سفیر ان دنوں چھٹیوں پر پاکستان میں موجود ہیں، جب کہ بغداد میں پاکستانی سفارت خانے کا کام جنگی صورتحال کے باوجود معمول کے مطابق جاری ہے تاہم آج مذہبی چھٹی کے باعث سفارت خانہ بند ہے۔
دوسری جانب حکومت نے ایران سے متعلق پاکستانی شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے اور جنگی صورتحال کے پیش نظر پاکستان سے ایران کے لیے سفر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی شہریوں کی سلامتی کے پیش نظر آج سے اس پابندی کا اطلاق کر دیا گیا ہے جب کہ زمینی راستوں سے بھی ایران کے سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پاک ایران سرحد پر پاکستانی سرحدی حکام کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر بڑا جوابی وار:حیفہ اور تامرا میں ہلاکتیں، سائرن گونج اٹھے
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی، ایران کے لیے سفر دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔