ایران نے اسرائیل کے خلاف دوبارہ بڑے پیمانے پر حملوں کا آغاز کر دیا جس کے نتیجے میں اسرائیلی شہر حیفہ سمیت متعدد علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور سائرن بج اٹھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حملوں میں کم از کم 10 اسرائیلی شہری ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا نیوز‘ کے مطابق، پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) نے فوجی آپریشن ’وعدہ صادق سوم‘ کے تحت اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز کا بڑا حملہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیل پر 100 سے زائد میزائل داغے، جن میں ہائپر سانک اور بیلسٹک میزائل شامل تھے۔ ایرانی حملوں کے بعد اسرائیلی افواج نے ملک بھر میں سائرن بجا دیے اور شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ اسرائیلی ٹی وی چینل 13 کے مطابق، میزائلوں نے شمالی ساحلی شہر حیفہ اور اس سے ملحقہ قصبے تامرا کو نشانہ بنایا۔
ٹائمز آف اسرائیل نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایرانی حملوں میں 10 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق، ایک بیلسٹک میزائل تامرا شہر میں ایک دو منزلہ عمارت سے ٹکرایا، جس میں پہلے ایک ہلاکت کی خبر تھی لیکن بعد ازاں تعداد 4 ہو گئی، جب کہ 13 افراد زخمی ہوئے۔ بیت یام میں ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں مزید 6 اسرائیلی ہلاک اور 7 افراد لاپتہ ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ اسرائیلی چینل 12 کے مطابق، رات بھر جاری ان حملوں میں مجموعی طور پر 200 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
الجزیرہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی اسرائیل کے آسمان میں ایرانی کروز میزائل دکھائی دیے ہیں۔ ادھر، پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے بتایا کہ اسرائیل کے جوہری تحقیقی مراکز، لڑاکا طیاروں کے ایندھن کے مراکز اور توانائی کے نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پریس ٹی وی کے مطابق، حملوں کے بعد حیفہ آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی۔ پاسداران انقلاب نے اسرائیل کے 3 کروز میزائل، 10 بڑے اور درجنوں چھوٹے ڈرونز کو تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد تیل مہنگا، سونا بھی مہنگا ہو گیا
واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ روز جوابی کارروائی کے طور پر ‘وعدہ صادق 3’ کے تحت اسرائیلی اہداف پر حملے شروع کیے تھے، جن میں تل ابیب میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہیڈکوارٹر اور جوہری تحقیقی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔




