مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد جموں کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے کھلی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے اور اس جارحیت کی ہم شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے اقوام عالم کو یاد دلایا کہ کسی ملک کی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ کرنا کسی بھی طور مناسب اقدام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کشمیر سے لے کر غزہ تک امن عالم کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے ۔
یہ خبر بھی پڑھیں :ایران نے اسرائیل پر 40 بیلسٹک میزائل داغ دئیے ،مقبوضہ شہر حیفہ دھماکوں سے لرز اٹھا
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی ہے جو کسی بھی ملک کی خود مختاری کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چارٹر تمام ممالک کی علاقائی سالمیت اور سیاسی ازادی کے احترام پر زور دیتا ہے اور اس خلاف ورزی پر اسرائیل کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر بمباری کر کے اس وقت تک 80 ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کو شہید کیا ہے ان کی املاک کو تباہ کیا ہے اور ان کے بنیادی انفراسٹرکچر کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔
اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے اور وہ اپنی جارحیت کو جاری رکھتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ کے امن کو برباد کرنے پر تلا ہے ۔
یہ خبر بھی پڑھیں :روسی صدر پیوٹن کی ایران اسرائیل جنگ روکنے کیلئے ثالثی کی پیشکش
وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ایران پر کیا جانے والا حملہ کسی بھی طور مناسب اقدام نہیں ہے کیونکہ ایران ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے اور اسے اپنی سالمیت کے دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے ۔
انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کا نوٹس لیں اور ایران کو تحفظ فراہم کر یں ۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے اسرائیل کے حملے میں شہید ہونے والے ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ ، آرمی چیف اور ایٹمی سائنس دانوں کی شہادت پر شدید دکھ کا اظہار اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔