ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے 16 جون تک اسلام آباد، کشمیر، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں، گرج چمک، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ بارش سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں واضح کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق آج شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور آندھی کا امکان ہے، جن میں لاہور، سرگودھا، جھنگ، میانوالی، سیالکوٹ، فیصل آباد اور نارووال شامل ہیں۔ جنوبی اور وسطی پنجاب کے کئی علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جب کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، مری اور گلیات میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی آج بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں بھی موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں موسلا دھار بارش کے بعد موسم مزید خوشگوار ہو گیا ہے، ویک اینڈ کی وجہ سے سیاحوں کا رش بھی بڑھنے لگا ہے۔ مال روڈ پر سیاحوں نے بارش سے لطف اندوز ہوتے ہوئے سیر سپاٹے کیے۔

یہ بھی پڑھیں: حج کے دوران 18 پاکستانی عازمین حج کا انتقال، جنت البقیع میں تدفین

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ سندھ اور ملک کے دیگر جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعض مقامات پر تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے پیشگی انتظامات کیے جا سکیں۔

Scroll to Top