سری نگر کے بزرگ کی ویڈیو وائرل، نامعلوم شخص نے حج کا مکمل خرچ اٹھا لیا

سری نگر کے حج ہاؤس میں ایک ایسا جذباتی منظر دیکھنے میں آیا جس نے ہزاروں دلوں کو چھو لیا۔ 75 سالہ عبدالرحمن، جو 45 برسوں سے صرف دعا اور امید کے ساتھ دوسروں کو حج پر رخصت کرنے آتے رہے، اس سال خود حاجیوں کی لسٹ میں شامل ہو گئے اور اس خواب کو حقیقت بنانے والے تھے ڈاکٹر جان مشتاق خان، جنہوں نے پردے کے پیچھے رہ کر یہ عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔

عبدالرحمن کی کہانی اس وقت منظر عام پر آئی جب ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں وہ لرزتی آواز میں کہہ رہے تھے:
“میں 45 سال سے یہاں آ رہا ہوں۔ نہ کوئی خاندان، نہ وسائل، بس ایک ہی دعا تھی کہ کبھی حج نصیب ہو جائے۔”

ہر سال وہ سری نگر کے حج ہاؤس آ کر روانہ ہونے والے حاجیوں سے اپنے لیے دعا کی درخواست کرتے تھے، مگر خود کبھی اس سفر پر نہیں جا سکے۔ یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، ہزاروں افراد جذباتی ہو گئے۔ ان میں سے ایک خاموش مسیحاڈاکٹر جان مشتاق خان بھی تھے جو خاموشی سے ان بزرگ کے خواب کو پورا کرنے کا زریعہ بننا چاہتے تھے۔ ویڈیو دیکھتے ہی وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے فوراً اُس صحافی سے رابطہ کیا جس نے عبدالرحمن کا انٹرویو کیا تھا اور بزرگ شہری کی تمام معلومات حاصل کیں۔

بغیر کسی تشہیر کے، ڈاکٹر جان مشتاق نے عبدالرحمن کے مکمل حج اخراجات برداشت کیےاور ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش پوری کر دی۔ جب حج ہاؤس میں بزرگ شہری کو یہ اطلاع دی گئی کہ ان کا حج منظور ہو گیا ہےتو وہ روتے روتے سجدہ شکر میں چلے گئے۔ آس پاس موجود لوگ بھی جذبات میں آ کر ان سے گلے لگے۔

ایک عینی شاہد نے اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے کہا:”ایسا لگا جیسے کوئی دعا آنکھوں کے سامنے پوری ہو گئی ہو۔”ایک مقامی شہری نے کہا:”یہ صرف ایک سفر نہیں، ایک معجزہ ہے جو کسی خاموش نیکی کرنے والے کی وجہ سے ممکن ہوا۔”

یہ بھی پڑھیں: موبائل بیٹری کو روز 100 فیصد چارج کرنا خطرناک؟ ماہرین نے خبردار کر دیا

عبدالرحمن کی کہانی اب ایک امید، ہمدردی اور انسان دوستی کی علامت بن چکی ہے۔ ان کا پیغام سوشل میڈیا پر گونج رہا ہے:
“خواہشیں دیر سے پوری ہوں، مگر ضرور پوری ہو سکتی ہیں۔”

Scroll to Top