احمد آباد: ایئر انڈیا کا لندن جانے والا مسافر طیارہ رہائشی علاقے پر گر کر تباہ، 244 افراد سوار

احمد آباد : بھارت کے مغربی شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کی لندن جانے والی پرواز AI171 ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ افسوسناک طور پر یہ حادثہ شہر کے رہائشی علاقے “میگھانی نگر” میں پیش آیا، جب طیارہ فضا میں بلند ہونے کے چند لمحوں بعد زمین سے ٹکرا گیا۔ طیارے میں 232 مسافر اور 12 عملے کے ارکان سوار تھے۔

ایئر انڈیا کے مطابق یہ پرواز احمد آباد سے لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی، لیکن چند لمحوں بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 کے مطابق طیارے کا آخری سگنل ٹیک آف کے فوراً بعد صرف 625 فٹ (190 میٹر) کی بلندی پر موصول ہوا۔

بھارتی ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن فیض احمد کدوی نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ شہر کے رہائشی علاقے میگھانی نگر میں گرا۔ حادثے کے فوری بعد منظرِ عام پر آنے والی ویڈیوز میں تباہ شدہ طیارے کے ملبے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جبکہ امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

تاحال کسی جانی نقصان یا زخمیوں سے متعلق سرکاری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی، اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ایئر انڈیا کے چیئرمین نتراجن چندر شیکھرن نے اس سانحے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز AI171 ایک المناک حادثے کا شکار ہوئی ہے۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور سپورٹ سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو مکمل معاونت فراہم کی جا سکے۔ ایئر انڈیا کے مطابق پرواز میں 53 برطانوی شہری بھی سوار تھے۔

حادثے کے بعد انتظامیہ نے ایئرپورٹ کے اطراف کی تمام سڑکیں بند کر دی ہیں، جبکہ سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ احمد آباد کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کی آمد و روانگی معطل کر دی گئی ہے۔ ایئرپورٹ فی الحال مکمل طور پر غیر فعال ہے اور فلائٹ آپریشنز اگلے حکم تک بند رہیں گے۔

بوئنگ کا ردِعمل اور طیارے کی تاریخ:

طیارہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر ماڈل کا تھا، اور یہ پہلا موقع ہے کہ اس ماڈل کا کوئی جہاز اس نوعیت کے حادثے کا شکار ہوا ہے۔ بوئنگ کمپنی نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے: “ہم ابتدائی رپورٹس سے آگاہ ہیں اور مزید معلومات اکٹھی کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔”

ڈریم لائنر ماڈل 14 سال قبل متعارف کروایا گیا تھا اور چھ ہفتے قبل ہی کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ اس ماڈل کے ذریعے ایک ارب سے زائد مسافر سفر کر چکے ہیں۔ دنیا بھر میں 1,175 سے زائد 787 ماڈل طیارے تقریباً 5 ملین پروازیں اور 30 ملین گھنٹے کی پروازیں مکمل کر چکے ہیں۔

یہ حادثہ بوئنگ کے لیے ایک اور بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے، جو پہلے ہی اپنے 737 ماڈلز سے متعلق متعدد مسائل کا سامنا کر چکی ہے۔ یہ صورتحال کمپنی کے موجودہ سی ای او کیلی اورٹبرگ کے لیے ایک اور بڑا امتحان بن گئی ہے، جو حال ہی میں اپنا پہلا سال مکمل کرنے جا رہے ہیں۔

 بھارتی وزیرِاعظم مودی کا ردعمل:

بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے کہا:”احمد آباد کا سانحہ ہمیں ہلا کر رکھ دینے والا ہے۔ یہ دکھ الفاظ سے بالاتر ہے۔اس دکھ کی گھڑی میں میری تمام تر ہمدردیاں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں متعلقہ وزراء اور حکام سے مسلسل رابطے میں ہوں، جو متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔”

 

Scroll to Top