اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین، سپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے تنخواہوں میں اضافے سے متعلق مکمل رپورٹ مانگی ہے، جس کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ اس معاملے پر عوامی ردعمل اور موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ بجٹ پیش ہونے سے صرف ایک روز قبل حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں 500 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی ماہانہ تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 لاکھ روپے مقرر کی گئی۔ اس اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کیخلاف مظاہرے امریکا بھرمیں پھیل گئے
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر تنخواہوں میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے اسے “معاشی فحاشی” قرار دیا اور سپیکر، چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر کی مراعات میں اضافے کی مخالفت کی ہے۔