ملک بھر میں سورج آگ برسا رہا، محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان شہریوں کو خوشخبری دے دی

آزاد کشمیر سمیت جڑواں شہروں میں شدید گرمی کا راج برقرار ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کی شام یا رات سے بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان ہے۔

گزشتہ کئی روز سے راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے میدانی علاقے سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ بدھ کے روز بھی دن بھر لُو چلتی رہی اور سورج نے شدید تپش برسائی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن کے وقت بھی موسم شدید گرم رہے گا، تاہم شام یا رات کے اوقات میں راولپنڈی، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، خطۂ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے، آندھی یا تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سخت گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

ادھر گزشتہ روز ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچ گیا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت بھکر اور جیکب آباد میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور مظفرآباد میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: نئی ایئر لائن، پرانی مہارت ، ایئر کراچی کو پی آئی اے کی MRO سہولیات دستیاب ہوں گی

گرمی سے پریشان عوام کے لیے محکمہ موسمیات کی یہ پیشگوئی کسی راحت سے کم نہیں کہ آج شام یا رات موسم کا رخ بدل سکتا ہے اور چند مقامات پر بارش کے امکانات موجود ہیں۔

Scroll to Top