حجاج کرام کی وطن واپسی کا آغاز، پہلی پرواز جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد: سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ جدہ سے اسلام آباد آنے والی پہلی حج پرواز پی کے 732 بخیروخوبی پہنچ گئی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے حجاج کرام کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر محکمہ حج، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

حجاج کرام نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے کیے گئے حج انتظامات کو سراہا۔ وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ “اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت پاکستان نے حج کے دوران عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔ سعودی حکومت نے بھی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر قابل تعریف خدمات مہیا کیں۔”

انہوں نے کہا کہ آئندہ برس اس سے بھی بہتر انتظامات کیے جائیں گے، کیونکہ “یہ ہمارا فرض ہے کہ اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔”

یہ بھی پڑھیں: عہدہ ملا تو پاکستان و بھارت میں امریکی مفادات کیلئے کام کروں گا: پال کپور

اسلام آباد کے بعد لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی آئندہ دنوں میں حجاج کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Scroll to Top