نکیال کا بےقابو بیل قربانی سے پہلے ایل او سی پار کر گیا!

نکیال سیکٹر کے گاؤں لنجوٹ میں عیدالاضحیٰ سے قبل ایک دلچسپ و عجیب واقعہ پیش آیا جب مقامی رہائشی بابو محمد یوسف کا قربانی کے لیے لایا گیا بیل اچانک بے قابو ہو کر کنٹرول لائن عبور کر گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، عید والے روز یونین کونسل ڈبسی سے تعلق رکھنے والے کونسلر بابو محمد یوسف کا بیل بھاگ کر لنجوٹ سے ایل او سی پار کر گیا اور گھنے جنگلات میں غائب ہو گیا۔ بیل کی واپسی کے لیے عید کے دوسرے دن تک انتظار کیا گیا، لیکن وہ واپس نہ آیا۔

بابو یوسف کا کہنا ہے کہ بیل اب ایل او سی کے اُس پار نظر آ رہا ہے، لیکن اُس کے انداز سے لگتا ہے جیسے وہ عید کے دنوں کے گزرنے سے قبل واپسی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ اُنہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بیل کو بھارتی فورسز یا جنگلی جانوروں سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’خود کو خاموش نہ ہونے دو‘ خاتونِ اول آصفہ بھٹو کی ثنا یوسف کے قتل کی شدید مذمت

عید کی خوشیوں میں یہ غیر معمولی واقعہ مقامی افراد کے لیے حیرت کا باعث بن گیا ہے، جب کہ آخری اطلاعات کے مطابق بیل تاحال واپس نہیں آیا۔

Scroll to Top