آزاد کشمیر میں شدید گرمی کی پیشگوئی، پنجاب میں ہیٹ ویو 12 جون تک برقرار رہنے کا امکان

مظفرآباد :آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ چند روز کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ منگل، 10 جون کو مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق علاقے میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آزاد کشمیر میں آئندہ دنوں کے دوران بھی گرمی کی شدت میں کمی کا کوئی امکان نہیں۔ بدھ، 11 جون کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری، جمعرات کو 36 ڈگری اور جمعہ کے روز 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو درجہ حرارت میں معمولی کمی کے ساتھ جزوی ابر آلود موسم رہے گا، تاہم اتوار کو ہلکی بارش کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب سمیت ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر بدستور جاری ہے، جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق پنجاب میں جاری ہیٹ ویو 12 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

پیر کے روز پنجاب کے شہر سرگودھا میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جبکہ لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں بھی 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بلوچستان کے شہر سبی میں بھی درجہ حرارت 45 ڈگری رہا۔ پی ڈی ایم اے حکام نے بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے شہریوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں بھی شدید گرمی کا زور ہے۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت 43 ڈگری، فیصل آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 44.5، لاڑکانہ میں 44، جبکہ پشاور، ملتان اور بہاولپور میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مظفرآباد کا درجہ حرارت 40، کوئٹہ اور گلگت کا 35، جبکہ کراچی میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ 2025-26: کن اشیاء پر ٹیکس، کہاں چھوٹ؟ مکمل تفصیلات

شدید گرمی کے پیش نظر حکومت پنجاب کی جانب سے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں اور چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خود کو گرمی کے اثرات سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top