سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری: تنخواہوں میں اضافے کی تجاویز تیار

بجٹ 2025-26 میں سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کے حوالے سے اہم پیش رفت کی گئی ہے، وفاقی کابینہ آج کے اجلاس میں تنخواہوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے چار مختلف تجاویز زیر غور ہیں، تاہم تاحال کسی ایک پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ اہم تجاویز میں گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس دینے کی تجویز شامل ہے، جبکہ مہنگائی کے تناسب سے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سفارش بھی سامنے آئی ہے۔

مزید برآں، گزشتہ دو ایڈہاک ریلیف الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ گریڈ 17 سے 22 کے افسران کے لیے الگ سے 15 فیصد تنخواہوں میں اضافے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ان تجاویز پر مشاورت مکمل ہونے کے بعد ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے جو آج کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی خواہش ظاہر کی گئی ہے جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی مثبت تجاویز دی ہیں۔

ادھر آرمڈ فورسز کے لیے مجوزہ کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم پر یکم جولائی سے عملدرآمد مؤخر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اسکیم کا اسٹرکچر تاحال مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث آرمڈ فورسز کو اس اسکیم سے وقتی طور پر مستثنیٰ دیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی ملک بدری مہم: لاس اینجلس میں شدید احتجاج، فوج اور نیشنل گارڈ تعینات

وفاقی کابینہ آج کے اجلاس میں تنخواہوں، ایڈہاک الاؤنس کے انضمام اور پنشن اسکیم جیسے اہم معاملات پر حتمی فیصلہ کرے گی، جس کے بعد بجٹ دستاویزات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

Scroll to Top