آزادکشمیر سمیت ملک بھرمیں آج عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں عید الاضحی آج بھرپور مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے ۔فرزندان اسلام آج بڑی تعداد میں سنت ابراہمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کریں گے

مظفرآباد میں بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد میں  ہوگا جہاں نماز عید ادا کی گئی ۔ دیگر اضلاع میں اپنے اپنے مقامی وقت کے مطابق نماز عید کی ادائیگی کی گئی ۔ صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری میرپور اور وزیراعظم انوارالحق اپنے حلقے بھمبر میں عید منا رہے ہیں ۔

آزادکشمیر بھر ،اسلام آباد،لاہور، کراچی، پشاور سمیت مختلف شہروں میں اجتماعی قربانی کی جائے گی، یہ سلسلہ عید کے تیسرے روز تک جاری رہے گا۔

عید الاضحیٰ کی نماز کے بعد ملک بھر میں سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرینگے ۔

ملک بھر میں لاکھوں گائے، بیل، بکرے اور اونٹ ذبح کئے جائیں گے۔ عید الاضحی پر قربانی کے بعد مزیدار کھانوں اور دعوتیں اڑائی جائیں گی۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہیں۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کا پیغام

اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے، پوری قوم اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مندوں کی مدد کرے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے عید کے پیغام میں کہا کہ عید پر ان افراد کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ فلسطینی اور کشمیری ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔

مسلح افواج کے سربراہان کا پیغام

مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے بھی تمام پاکستانیوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں مسلح افواج کے سربراہان نے کہا ہے کہ یہ مقدس دن بھلائی کیلئے قربانی کے جذبے کو ابھارتا ہے، اس مبارک دن پر ہم وطن کی آزادی اور امن کیلئے شہدا اورغازیوں کے مقروض ہیں۔

اپنے پیغام میں مسلح افواج کے سربراہان نے کہا کہ اس دن پر شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھے۔

رواں سال 16لاکھ سے زائد خوش نصیبوں نے حج کی سعادت حاصل کی، سعودی حکومت

Scroll to Top