حج 2025: مسجد نمرہ میں قالین، ایئر کنڈیشننگ اور سیکیورٹی کے مثالی انتظامات مکمل

منیٰ: سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے حج 2025 کے موقع پر مسجد نمرہ میں حجاج کرام کے استقبال اور ان کی سہولت کے لیے مثالی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مسجد نمرہ کے 1,25,000 مربع میٹر رقبے پر اعلیٰ معیار کے جدید قالین بچھا دیے گئے ہیں تاکہ زائرین نماز اور وقوفِ عرفہ کے دوران سکون سے عبادات انجام دے سکیں۔

گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے مسجد کے صحن میں 19 جدید سائبان نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت میں اوسطاً 10 ڈگری تک کمی لاتے ہیں، جبکہ فرش پر سورج کی تپش روکنے کے لیے مخصوص عکسی رنگ بھی کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بیرونی صحن میں 117 فوگ فین لگائے گئے ہیں جو مزید 9 ڈگری تک ٹھنڈک فراہم کرتے ہیں۔

مسجد نمرہ میں جدید ایئر کنڈیشننگ اور وینٹیلیشن سسٹم نصب کیا گیا ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح پر مسلسل نظر رکھتا ہے اور ضرورت پڑنے پر خودکار ایئر پیوریفائرز کو فعال کرتا ہے تاکہ ہوا کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔

حجاج کرام کے لیے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے 70 جدید واٹر کولرز نصب کیے گئے ہیں، جن میں سے ہر کولر ایک گھنٹے میں تقریباً 2000 حجاج کو پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

زائرین کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے مسجد میں جدید صوتی نظام اور جدید سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کی فٹنس اسٹوری،وزن کم کرنے کا راز خود بتا دیا!

واضح رہے کہ آج 9 ذوالحجہ کو حجاج میدانِ عرفات پہنچ گئے ہیں ، جہاں وہ خطبہ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ادا کرنے کے بعد غروب آفتاب تک وقوف کریں گے۔

Scroll to Top