لبیک اللھم لبیک،لاکھوں عازمین آج حج کا رکنِ اعظم ’’وقوف عرفہ‘‘ ادا کریں گے

حج 1446 ہجری بمطابق 2025 لاکھوں حجاج آج جمعرات 5 جون کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ وادی منی سے میدان عرفات میں عازمین کی منتقلی کا عمل 8 ذی الحجہ کی شب سے شروع کردیا گیا تھا۔

وزارت حج کی جانب سے عازمین کو وقوف عرفہ کیلئے منی سے مشاعر مقدسہ ٹرین اور بسوں کے ذریعے لے جایا گیا۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے شاہراہوں کو ازدحام سے محفوظ رکھنے کیلئے بسوں کے قافلوں کیلئے جدا راستوں کا انتظام کیا گیا تاکہ حجاج کے قافلوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حجاج آج سارا دن میدان عرفات میں گزاریں گے جہاں وہ ’قصر و جمع‘ کی صورت میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے بعدازاں غروب آفتاب سے چند لمحات قبل ہی میدان عرفات سے رخصت ہوجائیں گے۔

حجاج قافلوں کی صورت میں مزدلفہ کے کھلے میدان میں رات بسر کریں گے جہاں سے وہ رمی کیلئے کنکریاں چنیں گے اور فجر یا اس سے قبل وادی منی پہنچ کر رمی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یوروگوئینی نومسلم لوئیس ابی راشدکو 20 سال انتظار کے بعد حج کی سعادت نصیب ہوگئی

میدان عرفات میں یوم الترویہ کو ہی ’’وقوف‘‘ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے صفائی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے جس کے لیے اضافی کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ صفائی کی گاڑیاں اورمنی ٹرکس کی نقل و حرکت کو منظم بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پرعمل کیا جارہا ہے۔

وزارت صحت کی متعدد ٹیموں کو میدان عرفات میں مقرر کیا گیا ہے جن میں خصوصی ’ایمبولیس کارٹ‘ بھی مہیا کی گئی ہے جو مریضوں کو ازدحام والے مقام سے نکال کر قریب ترین شاہراہ پر جہاں ایمبولینس موجود ہو وہاں لے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:حج کے دوران پہلی مرتبہ فائر فائٹنگ اور ریسکیو ڈرون کا استعمال ہو گا

صحت نگران ٹیموں کا نیٹ ورک میدان عرفات میں قائم کیا گیا ہے جن میں مرکزی ہسپتال کے علاوہ ڈسپینسریاں بھی قائم کی گئی ہیں جبکہ ہلال الاحمر کے متحرک یونٹس بھی عرفات میں حجاج کی دیکھ بھال کیلئے موجود ہیں جو ہرطرح کے ہنگامی طبی امدادی سامان اور آلات سے لیس ہیں۔

لاحج بلا تصریح (پرمٹ کے بغیرحج نہیں) کے اصول پر اس سال انتہائی سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ پرمٹ کے بغیر کسی کو بھی مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں۔

مشاعر مقدسہ کے تمام داخلی راستوں پرچیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں موجود اہلکار ہر آنے والے کا پرمٹ اسکین کرتے ہیں۔ پرمٹ کی شرط کا بنیادی مقصد حجاج کو آرام و سکون سے مناسک حج کی ادائیگی کو ممکن بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خطبہ حج کا ترجمہ اردوسمیت 35 زبانوں میں براہ راست سنا جا سکے گا

Scroll to Top