عیدالاضحی:صدر آزادکشمیر نے قیدیوں کی 2ماہ کی سزا معاف کردی

 اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر قیدیوں کیلئے خوشخبری سناتے ہوئے ان کی سزائوں میں 60روز کی نرمی کی منظوری دیدی ہے۔

یہ فیصلہ آزاد کشمیر کے عبوری آئین 1974ء کے آرٹیکل 10 کے تحت صدر کو حاصل آئینی اختیارات کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد قیدیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عیدالاضحیٰ اپنے اہل خانہ کے ساتھ منانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے اور ہمارا مذہب بھی ہمیں دوسروں کو خوشیاں بانٹنے کا درس دیتا ہے۔ یہ نرمی اصلاحی جذبے کے تحت دی جا رہی ہے تاکہ قیدی اپنے ماضی سے سبق سیکھ کر ایک بہتر شہری کے طور پر زندگی کا نیا آغاز کر سکیں۔

محکمہ داخلہ و جیل خانہ جات کو اس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اس رعایت سے صرف وہ قیدی مستفید ہوں گے جن کی سزا دہشت گردی، قتل، اغواء برائے تاوان یا دیگر سنگین جرائم سے متعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی عیدین اور قومی تہواروں کے موقع پر قیدیوں کو رعایات دی جاتی رہی ہیں۔

Scroll to Top