کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل)ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں سرکاری اراضیات پر قابض عناصر کے خلاف کارروائی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) کوٹلی، اسسٹنٹ کمشنر صاحبان، تحصیلدار صاحبان، صدر قانونگوکوٹلی اور نائب تحصیلداران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کوٹلی میں خالصہ سرکار کی زمین پر کسی بھی قسم کی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان تمام مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں سرکاری زمین پر باڑ بندی، نوتوڑ یا غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں، اور ایسے تمام رقبہ جات کو فوری طور پر واگزار کروانے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ۔
قبضہ مافیا کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مالی جرمانوں اور دیگر قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا۔مزید یہ طے پایا کہ وہ افراد جنہوں نے گورنمنٹ ایکٹ 2021 سے قبل سرکاری زمین پر رہائشی تعمیرات کیں اور وہاں آباد ہیں
ان کی باقاعدہ فہرستیں مرتب کی جائیں گی تاکہ ان کے حوالے سے آئندہ کے لیے پالیسی سازی کی جا سکے۔ فیلڈ سٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کو موجودہ قوانین سے آگاہ کریں اور تجاوزات سے باز رہنے کی ترغیب دیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) کوٹلی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی کو بھی خالصہ سرکار کی ایک انچ زمین پر ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دے گی۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ سرکاری اراضیات کے تحفظ میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔
اجلاس کے آخر میں عیدالاضحی کے موقع پر صفائی، آلائشوں کی بروقت تلفی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں، تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
راولاکوٹ واقعہ معمولی نہیں اس کے پیچھے ایک ایجنڈا اور منظم سازش ہے،فاروق حیدر خان