بھارتیوں کو آئی پی ایل کی جیت کا جشن مہنگا پڑ گیا ، بھگدڑ سے 7 افراد ہلاک

بنگلورو(کشمیر ڈیجیٹل)بھارتی شہر بنگلورو میں آئی پی ایل جیت کا جشن بھارتیوں کومہنگا پڑ گیا، بھگدڑ سے متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شائقین آئی پی ایل میں رائل چیلنجر بنگلورو کی فتح کا جشن منانے کیلئے جمع تھے کہ اچانک بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں7افراد ہلاک جبکہ 25سے زائد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ رائل چیلنجر بنگلورو نے گزشتہ روز پہلی بار آئی پی ایل کا ٹائٹل جیتا تھا۔

چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں کی تعداد میں جمع ہونے والے مداحوں کے ہجوم میں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوئی، زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

آر سی بی نے منگل کو احمد آباد میں کھیلے گئے آئی پی ایل فائنل میں پنجاب کنگز کو چھ رنز سے شکست دے کر اپنی 18 سالہ تاریخ میں پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا، اس تاریخی فتح کے بعد بنگلورو میں جشن کا سماں تھا اور ٹیم کے خیرمقدم کے لیے بدھ کی شام کو چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر اور ودھان سودھا کے قریب ہزاروں کی تعداد میں مداح جمع ہو گئے۔

ابتدائی طور پر ایک اوپن بس وکٹری پریڈ کا منصوبہ بنایا گیا تھا، لیکن بعد میں ٹریفک پولیس نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اسے منسوخ کر دیا تھا، اس کے باوجود، مداحوں کی ایک بڑی تعداد اپنے ہیروز کی جھلک دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کے دروازوں کے باہر جمع ہو گئی۔

اس دوران مداحوں کا ہجوم اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش میں بے قابو ہو گیا، ہجوم کی شدت اور رش کے باعث لوگ ایک دوسرے پر گرنا شروع ہو گئے، جس سے کئی افراد کچلے گئے اور دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو بوورنگ ہسپتال اور ویدہی سپر اسپیشلٹی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، زخمیوں میں ایک چھ سالہ بچی بھی شامل ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، پہلی بار پاکستانی نژاد کرکٹر بھی شامل

Scroll to Top