آپریشن سندور میں بھارتی فوج کا 15 فیصد وقت جعلی خبروں اور پروپیگنڈے میں ضائع، جنرل انیل چوہان کا اعتراف

بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے آپریشن سندور کے دوران اپنی فوج کی کارکردگی پر حیران کن اعتراف کیا ہے کہ جنگی محاذ پر بھارتی افواج کا تقریباً 15 فیصد وقت جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے نمٹنے میں ضائع ہو گیا، جس کی وجہ سے حکمت عملی اور ریئل ٹائم آپریشنز بری طرح متاثر ہوئے۔

جنرل انیل چوہان کے اس بیان نے بھارت کی اُن بلند بانگ دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے جن میں بھارت نے خود کو جدید ٹیکنالوجی، ریئل ٹائم انٹیگریشن اور میدان جنگ میں ناقابل تسخیر فوج قرار دیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف اس آپریشن میں سائبر حملے، جھوٹی خبریں اور غیر حقیقی دعوے بھارتی فوج کے لیے سب سے بڑا چیلنج ثابت ہوئے جس سے فیصلہ سازی میں مشکلات اور حقیقی زمینی صورتحال کی صحیح معلومات حاصل کرنے میں رکاوٹیں آئیں۔

بھارتی میڈیا بھی اس دوران جھوٹے اور مبالغہ آمیز بیانات نشر کرتا رہا جس نے عوام کو گمراہ کیا اور فرضی فتح کا تاثر دینے کی کوشش کی۔ اس صورتحال نے نہ صرف بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگا دیا بلکہ عالمی سطح پر بھارت کے دفاعی دعووں کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔

ماہرین دفاع کے مطابق، یہ انکشاف بھارت کی داخلی ہم آہنگی کی کمی اور سائبر جنگی تیاریوں کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔ آپریشن سندور، جسے بھارتی حکومت نے اپنی طاقت کا مظہر سمجھا، اب مودی سرکار کے لیے ایک بڑا سیاسی اور عسکری نقصان بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی دباؤ پر میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایے بڑھانے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جدید دور کی جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ معلومات، سچائی اور مؤثر ابلاغ سے بھی جیتی جاتی ہیں، اور اس محاذ پر بھارت نہ صرف ناکام رہا بلکہ اپنے ہی جھوٹے بیانیے میں الجھ کر رہ گیا۔

Scroll to Top