حج 1446 ہجری بمطابق 2025 کے مناسک کا آغاز ہو گیاہے۔ اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے لاکھوں عازمین حج مکہ مکرمہ سے قافلوں کی صورت میں مرحلہ وار منگل کی شب وادی منی پہنچے۔
یوم الترویہ ، 8 ذی الحجہ کا سارا دن حجاج منی میں ہی گزرایں گے جہاں وہ پانچ وقت کی نمازیں ادا کریں گے۔ منی میں سارا دن گزارنے کے بعد رات گئے میدان عرفات منتقل ہوں گے۔
اندرون مملکت سے آنے والے حجاج کے قافلے7 ذی الحجہ کی شام گئے تک مکہ مکرمہ پہنچے جبکہ بیرون مملکت کے حجاج جو پہلے ہی مکہ مکرمہ میں موجود تھے انہیں ان بسوں اور مشاعر مقدسہ ٹرین کےذریعے وادی منی کی عارضی خیمہ بستی میں منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے حجاج کی نقل و حمل کو منظم رکھنے کیلئے مرحلہ وار منی منتقلی کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کا مقصد حجاج کی نقل وحرکت کو بہتر بنانا اورغیر ضروری ازدحام پر قابو رکھنا ہے۔
منی میں عازمین حج کی آمد سے قبل ہی تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے تھے۔ مشاعر مقدسہ ریلوے سٹیشنوں پر رضا کار اور سکائوٹس متعین ہیں جو عازمین کی رہنمائی میں مصروفِ عمل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خطبہ حج کا ترجمہ اردوسمیت 35 زبانوں میں براہ راست سنا جا سکے گا
مکہ مکرمہ سے وادی منی جانے والے راستوں پر سکیورٹی اہلکارموجود ہیں جو حج پرمٹ کی سختی سے چیکنگ کرتے ہیں۔ پرمٹ کے بغیر کسی کو مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں۔
سعودی وزارت حج و دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے منی میں مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔ منی کےتمام داخلی راستوں پرسکیورٹی کےچیک پوائنٹس قائم ہیں۔
میونسپلٹی کی جانب سے بھی عارضی خیمہ بستی کی صفائی کےلیے جامع انتظامات دیکھنے میں آئے۔ صفائی کے ہزاروں کارکن مختلف مقامات پر موجود ہیں جبکہ صفائی کی گاڑیاں بھی بڑی تعداد میں وادی میں پہنچائی گئی ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: حج کی برکتیں: اندھے پن کا شکار مصری خاتون کی بینائی لوٹ آئی
موسم کی تپش کو کم کرنے اور ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کےلیے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جن کے تحت مشاعر مقدسہ کے تمام مقامات پر پانی کی پھوار کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
سکاوٹس کے سیکڑوں دستے مشاعر مقدسہ میں اللہ کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے اور ان کی رہنمائی کے لیے مستعدد دکھائی دیتے ہیں۔




