مظفرآباد : آزادکشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مظفرآباد، وادی نیلم، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کئی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، آسمان پر چھائے بادلوں نے موسم کا مزاج ہی بدل دیا۔
مظفرآباد کی مکڑا پہاڑی پر ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جس کے باعث علاقے میں خنکی میں اضافہ ہوا ہے۔ شہر اور گردونواح میں ابرآلود موسم کا راج ہے جبکہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے فضا کو معطر کر دیا ہے۔
وادی نیلم میں شدید بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کی اطلاعات ہیں جبکہ زیریں علاقوں میں بھی موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث وادی میں بجلی، انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی نظام متاثر ہو رہے ہیں اور سروسز آنکھ مچولی کا شکار ہیں۔
دوسری جانب، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے آزادکشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمے کے مطابق، رواں برس پری مون سون سیزن کی شروعات ہو چکی ہے اور جون میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث لینڈسلائیڈنگ اور دیگر ممکنہ خطرات سے خبردار رہنا ضروری ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی رات سے ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے۔ شہر بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ساتھ ہی موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
راولپنڈی کے بعض علاقوں میں تیز بارش کے باعث پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ریسکیو اداروں کو بھی کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا بڑا قدم: پٹرول پمپس پر نوزلز ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ڈرائیونگ کے دوران احتیاط برتیں۔