بھمبر، ضلع بھر میں مضر صحت اشیاء کی خریدوفروخت پرپابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر ضلع بھمبر چوہدری حق نواز نے ،بھمبر سماہنی ،برنالہ ودیگر ملحقہ علاقوں میں بچوں کی مضر صحت اشیاء کی خریدوفروخت پر پابندی عائدکردی۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مشاہدےمیں آیا ہے کہ ضلع بھر میں بچوں کی مختلف اشیاء جن میں آئس کریم قلفی مشروبات، لیز ، کرکرے، پاپڑ ، ٹافیاں، چاکلیٹس اور غیر رجسٹرڈ پانی فروخت کیا جا رہا ہے۔

ان غیر معیاری ،مضر صحت اشیاء کی فروخت، استعمال کے باعث بچے مختلف اقسام کی بیماریوں کا شکار ہور ہے نیز ان ناقص اشیاء کی فروختگی کی وجہ سے آئے روز سوشل و پرنٹ میڈ یا پر بھی خبریں شائع ہورہی ہیں،
ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز نے بطور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھمبر زیر دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے مضر صحت اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے ۔
کوئی بھی شخص اشخاص ضلع بھمبر کی حدود میں غیر معیاری آئس کریم قلفی مشروبات، لیز ، کرکرے، پاپڑ وغیرہ جو پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رجسٹر ڈ نہیں ہیں ضلع بھر میں فروخت نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی دوسرے شخص کو ایسا کرنے کی ترغیب دے گا۔

اگر کوئی بھی تاجر حکم کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اسکے خلاف زیر دفعہ 188 اے پی سی کار روائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکم ہذا کا اطلاق تاریخ اجراء سے دو ماہ تک ہوگا۔ اس حکم کی تشہیر سپرنٹنڈنٹ صاحب پولیس ضلع بھمبر بذریعہ منادی کروائیں گے۔ حکم ہذا آج مورخہ 2025-05-30 ہمارے دستخط اور مہر عدالت سے جاری ہوا ہے۔

Scroll to Top