اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی دارالحکومت کے علاقےضیاء مسجد میں سی ڈی اے کے عملےنے تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا ،متعدد دکانداروں کی ریڑھیاں ضبط کی گئیں ۔
تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران ایک دکاندار ریڑھی ضبط کئے جانے پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔عینی شاہدین، لواحقین اور دیگر دکانداروں کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے نے علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی اس دوران آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ منظور احمد سمیت متعدد افراد کی ریڑھیاں ضبط کر لی گئیں۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ آپریشن کے وقت منظور احمد خود جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے لیکن ان کا بھتیجا جلال چاول بیچ رہا تھا۔
دوسرے دکانداروں نے منظور احمد کو فون کیا اور بتایا کہ ان کی ریڑھی سی ڈی اے کے عملے کے ذریعے ضبط کی جا رہی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :مظفر آباد، تجاوزات کیخلاف دوسرے روز بھی آپریشن، حیدری چوک 10 سال بعد واگزار
یہ خبر ملتے ہی منظور احمد فوراً موقع پر پہنچ گئے لیکن اس وقت تک سی ڈی اے کا عملہ سامان ٹرک میں منتقل کر چکا تھا۔
اس وقت منظور احمد کو دل کا دورہ پڑا وہ زمین پر گر گئے جب انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے ا ن کی موت کی تصدیق کردی۔
منظور احمد کے بھتیجے جلال نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے چچا کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے اور خاندان اس معاملے میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے ترجمان نے اس واقعے پر حیرت کا اظہار کیا اور کسی دکاندار کی موت کی تردید کی۔
ترجمان نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو صاف ستھرا، خوبصورت بنانے کے لیے تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس مہم کے دوران کوئی دکاندار جاں بحق نہیں ہوا ۔