دوشنبے ، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پانی کے اپنے حصے پر سمجھوتہ نہیں کرے گا ،بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔
دوشنبے میں گلیشیئرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہوا ہے۔
پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ پاکستان کی فضا میں زہریلی گیسوں کا اخراج نصف فیصد سے بھی کم ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2022 میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا جس سے فصلیں اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا۔
دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کا سامنا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ،شہباز شریف نے گلیشیئرز سے متعلق کانفرنس کے انعقاد پر تاجک صدر کو مبارکباد دی۔
دریں اثناء دوشنبہ میں وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تیل اور گیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور ہر قیمت پر اپنی علاقائی خودمختاری اور سالمیت کا تحفظ کرے گا۔