اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ کراچی سمیت میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، لاہور، ملتان، حیدرآباد اور سکھر سمیت جنوبی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔
دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہوا، گرج چمک اور بارش کے ساتھ جزوی طور پرمطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :مظفرآباد، راولاکوٹ ،باغ ،حویلی میں طوفانی بارشیں، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
گزشتہ روزمری میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے،پشاور، چارسدہ، مردان اور نوشہرہ میں بھی درخت اور سائن بورڈ گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
جولائی سے ستمبر تک ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے زیادہ بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے ، گزشتہ روز پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی
ہلکی بارش کے باوجود گرمی کا زور نہیں ٹو ٹ سکا، ادھر محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں ہوا اور بارش کا امکان ہے۔




