مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل)بینک آف آزاد جموں و کشمیرنے شیڈولنگ کے حصول اورڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے ملائشیاکی عالمی شہرت یافتہ کمپنی سلور لیک ایکسز کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔
گزشتہ روزکوالالمپور، ملائشیامیں منعقدہ ایک تقریب کے دوران مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔اس موقع پر آزادجموں و کشمیر کے وزیر خزانہ و کوآپریٹوز ،چیئرمین بینک خان عبدالماجد خان، صدر،سی ای اوبینک شاہد شہزاد میر اورسلور لیک کے نما ئندگان بھی موجود تھے۔
یہ خبربھی پڑھیں :آزادکشمیر کابینہ، ہنر مند نوجوان کیلئے قرض سکیم منظور، صحت کارڈ کے اجراء کا بھی فیصلہ
سلور لیک دنیا کے 80ممالک میں 370سے زیادہ بینکوں اور مالیاتی ادروں کوکور بینکنگ اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ہے جو کور بینکنگ سافٹ ویئرٹیکنالوجی اور اس کے سو فیصد کامیابی کے لئے بھی مشہورہے، کے ساتھ اس اہم معاہدہ سے بینک آف آزاد جموں و کشمیرنے اپنے بینکنگ انفراسٹرکچرمیں جدت لانے کے لئے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔
اس شراکت داری کے زریعے بینک میں جدیدترین بینکنگ سافٹ ویئر کی تنصیب کی جائے گی، جو کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت شیڈولنگ لائسنس کے حصول کے لئے ایک بنیادی ضرورت ہے۔
اس تبدیلی کے نتیجہ میں کشمیر بینک پاکستان کے تمام بینکوں کے ساتھ برابری کی پوزیشن پر آ جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، چیئرمین بینک خان عبدالماجد خان نے کہا کہ مفاہمت کی یہ یادداشت صرف ایک تکنیکی اپ گریڈ یشن نہیں ہے بلکہ ایک انقلاب کی بنیاد ہے۔
یہ خبربھی پڑھیں :اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی ،شرح سود میں 1 فیصد کمی کااعلان
یہ ہمیں آزاد جموں کشمیر کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے صارفین کو زیادہ بہتر اور شفافیت کے ساتھ خدمت کرنے کا موقع دے گا۔
سلور لیک کی ٹیم نے کہا سلور لیک کوکشمیر بینک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے اور یہ کور بینکنگ سلوشن پاکستان کے مالیاتی منظر نامے کے لیے ایک معیار قائم کرے گا۔
یہ معاہدہ طویل المدتی شراکت کی بنیاد بنے گا۔ دونوں اداروں نے اپنی ٹیموں کی محنت کو سراہا اور اس منصوبے کو کامیاب بنانے کا عہد کیا۔