مظفرآباد سے چکوٹھی تک موٹرسائیکل ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

ہٹیاں بالا:یوم تکبیر کے موقع پر ریاستی دارالحکومت مظفرآباد سے لائن آف کنٹرول چکوٹھی تک شاندار موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کا انعقاد تعمیر نو کے سرکاری ادارے ’’سیرا‘‘نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور قومی دفاع کے عزم کے اعادے کے طور پر کیا۔

ریلی کا آغاز دومیل پل سے ہوا، جس میں درجنوں موٹر سائیکل سواروں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ساٹھ کلومیٹر طویل شاہراہ سرینگر پر جوش و خروش کے ساتھ پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے، قومی پرچم لہراتے ہوئے جذبۂ حب الوطنی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

ریلی جب چکوٹھی ایل او سی کے زیرو پوائنٹ پر پہنچی تو پاک فوج کے افسران نے شرکاء کو ہندوستانی جارحیت پاک فوج کی جانب سے دندان شکن جواب دینے اور موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سیرا عابد غنی میر، ڈائریکٹر فنانس مختار قریشی اور ایکسین زاہد گیلانی نے شرکاء کے ہمراہ پاک فوج کو آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘کی شاندار کامیابی اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: انوارالحق ریاستی وسائل کے بغیر ایک ریلی نکال کرد کھا دیں، شاہ غلام قادر کا وزیراعظم کو چیلنج

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مادر وطن کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ریلی کے دوران راجہ طارق عزیز ، شمریز ملک ، ممتاز احمد ،فہیم احمد ، رانا کفایت سمیت دیگر شرکاء نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یومِ تکبیر محض ایک تاریخ نہیں بلکہ قومی خودداری، ایٹمی طاقت اور دفاعِ وطن کے عہد کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر ایٹمی طاقت ہے اور ہماری مسلح افواج دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

بعدازاں ایڈیشنل سیکرٹری عابد غنی میر، مختار قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطنِ عزیز کی سالمیت، خودمختاری اور دفاع کے لیے وہ پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

Scroll to Top